اسلا م آ با د (آن لائن)وفاقی حکومت بجلی کے صارفین کو 185 ارب روپے کا ریلیف پیکیج دینے پر غور کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق ریلیف پیکیج کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے جاری اجلاس میں پیش کر دیا گیا ہے، جس میں 3 سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بلز کی ادائیگی 3 ماہ تک موخر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ 300 یونٹ والے صارفین کو 22 ارب روپے تک کا ریلیف فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، کورونا ریلیف پیکیج کے تحت فیول ایڈجسٹمنٹ کو 3 ماہ کے لیے موخر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک صارفین کو 75 ارب روپے کا ریلیف فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ بجلی بلز واجبات کو بھی 3 ماہ کے لیے موخر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ واجبات کی مد میں صارفین کو 60 ارب روپے کا ریلیف فراہم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ صنعتی صارفین کے ٹیرف میں 2 روپے فی یونٹ کمی کی سفارش کی گئی ہے جبکہ صنعتی صارفین کو ٹیرف کمی کی مد میں 13 ارب روپے کا ریلیف فراہم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔