کراچی (این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی میں پولیس کو لاک ڈاؤن میں مزید سختی کرتے ہوئے شہریوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔ کراچی میں لاک ڈاون بدھ کو 17واں روز بھی جاری رہا ، تمام کاروباری مراکز، دفاتر اور اسکول بند رہے ، شاہراؤں پر بھی ٹریفک معمول سے بہت کم رہا ، جگہ جگہ پولیس اوررینجرز کے اہلکار تعینات رہے ،
اس کے باوجود کچھ شہر کے کچھ مقا مات پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس افسران کو ہدایت کی تھی کہ کسی بھی شہری کو بلا ضرورت باہر نکلنے کی اجازت نہ دی جائے اس سلسلے میں کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی صدارت میں پولیس افسران کا اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کروانے کے لیے شہریوں کے ساتھ سختی سے پیش آنے کی ہدایت کی گئی۔کراچی پولیس چیف نے کہاکہ کوشش ہوگی کہ شہریوں کو صرف ضرورت کے تحت نکلنے دیا جائے، خلاف ورزی پر افسران کو کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔غلام بنی میمن نے کہاکہ شہری لاک ڈاون کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، لہذا خلاف ورزی پر کارروائی اور جرمانہ بڑھانے پر بھی غور ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی فیکٹری کھلی تو مالک کے خلاف بھی سخت کارروائی ہو گی، گزشتہ دو روز سے ناکہ بندی کا سلسلہ کم کیا گیا تھا تاہم شہریوں کی غیر سنجیدگی پرمزید سختی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لاک ڈاؤن میں مزید سختی کرتے ہوئے پولیس نے کراچی کی کچھ شاہراہیں مکمل طور پر بند کر ادیں۔ایئر پورٹ سے ڈرگ روڈ آنے والے روڈ کومکمل بند کر دیا گیا ، بلوچ کالونی کے قریب بھی روڈ کو مکمل بند کر دیا گیا اس کے علاوہ یونی ورسٹی روڈ پرانی سبزی منڈی کے قریب بھی روڈ مکمل بند کر دیا گیا، لیاقت آباد فلائی اوور کو بھی روکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ۔