لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)کرونا کی تشخیص کیلئے پاکستان آنے والی چین سے ڈاکٹرز کی ٹیم کی لاہور میں وزیراعلی عثمان بزدار کیساتھ ملاقات ۔ قومی موقر نامے کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد کی ملاقات کی جس میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے دو طرفہ تعاون اورمشترکہ کاوشوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
چینی ڈاکٹروں اور ماہرین نے صوبائی حکومت کے موثر اقدامات کی تعریف کی اور حفاظتی اقدامات اور علا ج معالجہ کے ایس او پیز کو موثر قرار دیا۔چینی ماہرین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے حکومت کے اقدامات موثر ثابت ہورہے ہیں۔اس موقع پر چینی ڈاکٹروں اور چیف نرس نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے اپنے مشاہدات بیان کئے اور اپنے تجربات بھی شیئر کئے،جبکہ چینی ڈاکٹروں کی جانب سے کورونا وباء کی روک تھام کے لئے حکومت پنجاب کو ہرممکن معاونت کی یقین دہانی بھی کی گئی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چینی ماہرین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے بچاؤ اور سدباب کے لئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے جبکہ چینی وفد نے کم از کم 28 دن کیلئے لاک ڈاؤن عملدرآمد کرنے تلقین کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے چینی ڈاکٹروں سے مختلف امور پر سوالات کئے اور تعاون کی یقین دہانی پر اظہار تشکر کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ چین قابل اعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ساتھ نبھایا ہے۔ چین نے کورونا وائرس پر کم ازکم وقت میں قابو پا کر قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔ کورونا سے بچاؤ اور سدباب کے لئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے- کورونا کی وباء پر قابو پانے کے لئے چین کا ماڈل دنیا کے لئے ایک نئی مثال ہے۔