کراچی(این این آئی) شہر قائد کے علاقے ملیر کے میر ہزار خان جوکھیو گوٹھ کے باسیوں نے کرونا وائرس کا دلچسپ علاج ڈھونڈ لیا۔ کراچی کے ضلع ملیر کے علاقے میر ہزار خان جوکھیو گوٹھ کے تمام مردوں اور بچوں نے کرونا وائرس سے بچنے کے لیے سر منڈوا لیے،سرمنڈوانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔علاقے کے 80 سے زائد مردوں اور بچوں کے سروں پر استرا پھروا لیا گیا، بعض بچوں کو پکڑ کر زبردستی ان کی ٹنڈ کرائی گئی۔سر منڈوانے کے لیے گوٹھ کے لوگوں نے شہر سے خصوصی طور پر کرائے
پر ایک حجام کو بلایا۔میر ہزار خان جو کھیو گوٹھ کے باسیوں نے بتایاکہ سر منڈوانے کا سلسلہ جاری رہے گا، گوٹھ کے سبھی مردوں اور بچوں کی ٹنڈ کرائی جائے گی۔ انھوں نے دعوی کیا کہ سر منڈوانے سے کرونا وائرس سے بچ سکتے ہیں۔علاقے کے ایم پی اے نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہاں لوگ تیزی سے سر منڈوا رہے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ اس طرح وہ وائرس سے محفوظ رہ سکیں گے۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ سر منڈوانے سے کرونا وائرس سے بچائو کیوں کر ممکن ہو سکے گا۔