راولپنڈی /کراچی (این این آئی)حکومت سندھ اور پی آئی اے میں کرونا حالات میں جاری محاذ آرائی شدت اختیار کرگئی،سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے کراچی سے بحال جزوی فلائٹ آپریشن بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے ، ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے فضائی عملے کو کراچی میں قرنطینہ کرنے کا معاملے پر معاملہ طول پکڑ گیا ،پائلٹس ایسوسی ایشن بھی میدان میں آگئی ،پائلٹس کو قرنطینہ میں رکھنے پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا ۔
ترجمان پی آئی اے نے کہاکہ پی آئی اے حکومت پاکستان کے مقرر اور وضح کردہ ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہے،ہدایات میں جہاز کی ڈس انفیکشن سے لے کے عملے کی صحت و سلامتی کی احتیاط شامل ہیں۔ترجمان نے کہاکہ کراچی ائیرپورٹ پر پیش آنے والے واقعہ عملے سے متعلق حکومت پاکستان کی ہدایات کے منافی ہے ۔ترجمان نے کہاکہ خالی جہاز لندن سے واپس آنے سے 3 گھنٹے قبل تمام حکام کو اطلاع کردی گئی تھی ،ہدایات کے باوجود محکمہ صحت سندھ کے عملے نے کپتانوں کو زبردستی قرنطینہ کرنے پر اصرار کیا۔ترجمان کے مطابق ہدایات کے منافی سلوک پر سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کا بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہاکہ پی آئی اے کا فضائی عملہ قومی ہیروز ہیں ۔سی ای او ارشد ملک نے کہاکہ خطرات کے باوجود بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پی آئی اے اپنے ان ہیروز کی ہر ممکنہ حفاظت کو یقینی بنائے رکھے ہوئے ہے، کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کریں گے۔ ترجمان نے کہاکہ پی آئی اے اعلی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔ ترجمان عبد اللہ خان نے کہاکہ فضائی عملے میں کرونا وائرس کی موجودگی کی اطلاعات گمراہ کن ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں ،فضائی عملے پی آئی اے کے ہوٹل میں ائیسولیشن میں ہے اور ٹسٹ کے نتائج کی منتظر ہے ،ائیرپورٹس پر حکومت پاکستان کی وضح کردہ ہدایات میں ہم آہنگی آنے تک سی ای او پی آئی اے نے کراچی سے فضائی آپریشن معطل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ۔