اسلام آباد(این این آئی) تھانہ کھنہ میں عثمان نامی لڑکے کی خود کشی معاملے پر آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے نوٹس لے لیا جس کے بعد ڈیوٹی افسر ، محرر اور تھانے میں سنتری کو فوری طور پر معطل کردیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی زبیر احمد شیخ کو فوری طور پر انکوئری کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ،قصور وار کا تعین کرکے انکوائری رپورٹ 24 گھنٹے کے اندر اندر ائی جی اسلام آباد کو پیش کریں گے ۔ترجمان کے مطابق خود کشی کرنے والا عثمان لڑکی کے ساتھ زبر دستی شادی کرنا چاہتا تھا،گزشتہ روز وہ لڑکی کو اغوا کرکے لے گیا۔ ترجمان کے مطابق لڑکی کے لواحقین نے تھانہ میں رپورٹ درج کروائی،پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو عثمان کے گھر سے بازیاب کرلیا جبکہ لڑکا وہاں سے فرار ہوگیا،لڑکی نے پولیس کو بیان دیا کہ عثمان اس سے زبر دستی شادی کرنا چاہتا تھا۔ ترجمان کیمطابق شادی نہ کرنے کی صورت میں اس نے مجھے اور خود کو مارنے کی دھمکی دی تھی،رات گئے عثمان گرفتاری دینے کے لئے تھانہ آیا اور وہاں پر خود کشی کرلی۔ ترجمان کے مطابق ڈیڈ باڈی کو پوسٹمارٹم کے بعد اس کے لواحقین کے حوالے کردیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق پولیس نے وقوعہ کے متعلق مقدمہ درج کرلیا ۔