کوئٹہ(این این آئی) نیب بلوچستان نے سرکاری گندم کے گودام میں کروڑوں روپے مالیت کی گندم کے غبن کا سراغ لگا لیا، پی آر سی سریاب کے انچارج بشیر ابڑو کی جانب سے مبعینہ طور پر سات ہزار سے زائد گندم کی بوریاں غائب اور تین ہزار بوریاں خراب ظا ہر کرکے کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف،
نیب بلوچستان نے قانونی کاروائی کے بعد ڈسٹرکٹ فوڈ کنڑولر کے خلاف قومی خزانے کو نا قابلِ تلافی نقصان پہنچانے اور اختیارات کا ناجائز استعمال پر ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو بلوچستان کی پی آر سی سریاب کوئٹہ کے انچارج ڈسٹر کٹ فوڈ کنڑولر بشیر ابڑو کے خلاف جاری تحقیقات کے نتیجے میں یہ حقائق سامنے آئے کہ ملزم نے پی آر سی سریاب میں انچار ج کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے پانچ ماہ میں 7 لاکھ سے زائد گندم کی بوریاں وصول کیں، ملزم نے مجاز افسر ڈپٹی ڈائر یکٹر فوڈ کوئٹہ ذون کے ملک سے باہر سفر کے دوران اس سٹاک میں سے دس ہزار سے زائد بوریوں کاغبن کرتے ہوئے کروڑوں روپے اینٹھے۔ نیب کی تحقیقاتی ٹیم کو دوران تفتیش ملزم ان بوریوں کے غائب ہونے کی ابت خاطر خواہ جواز نہیں دے سکا۔ جس پر ملزم کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا گیا ہے۔