لاہور (آن لائن) احتساب عدالت نے شریف فیملی سے متعلقہ مختلف کیسوں کی سماعت کی، جن میں عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں ملوث سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی عدالت میں حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت 30 مارچ تک کے لئے ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مارچ تک توسیع کر دی جبکہ عدالت نے ایک تیسرے کیس رمضان شوگر ملز میں
حمزہ شہباز اور شہباز شریف پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے انہیں 6 مارچ کو پیش ہونے کا حکم جاری کیا۔ دونوں باپ بیٹے پر گزشتہ روز سماعت کے دوران فرد جرم عائد کیا جانا تھی جو نہ کی جا سکی۔ حمزہ شہباز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقعہ پر سخت سکیورٹی کے انتظامات کے باوجود لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد احتساب عدالت کے باہر پہنچ گئی۔ جہاں لیگی کارکنوں کی پولیس کے ساتھ دھکم پیل ہوئی اور کارکنوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔