سکھر(این این آئی) سکھر میں ضلعی انتظامیہ کا فلور مل پر چھاپہ،ذخیرہ کی گئی آٹے اور گندم کی ہزاروں بوریاں برآمد، فلور مل کو سیل کردیا گیا، کاروائی ایک حساس ادارے کی اطلاع پر کی گئی، ذرائع کے مطابق سکھر کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور انداز میں کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے
اور ان کی ملوں اور گوداموں پر اس حوالے سے چھاپے مارے جارہے ہیں سکھر کی ضلعی انتظامیہ نے ایک حساس ادارے کی اطلاع پر سکھر شکارپور روڈ پر واقع جونیجو فلور مل پر اچانک چھاپہ مارا اور وہاں پر ذخیرہ کی گئی آٹے اور گندم کی ہزاروں بوریاں اور بیگز برآمد کرلیے اور فلور مل کو سیل کردیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے ضلعی انتظامیہ کے مطابق چھاپے کے دوران فلور مل سے گندم کی بھری سو کلو والی 38 250 بوریاں، 40 کلو آٹے کے 326 بیگز برآمد کیے گئے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں 10 کلو والے آٹے کے ہزاروں بیگز بھی برآمد کیے گئے ہیں مل مالکان کے خلاف ذخیرہ اندوزی کے قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی سکھر کی ضلعی انتظامیہ نے صالح پٹ شہر کے علاقے میں واقع بیوپاریوں کے گوداموں پر چھاپے مارکر غیرملکی سامان اور گندم اور چینی کی بوریوں کی بڑی مقدار برآمد کی تھی اور چار بیوپاریوں کو گرفتار بھی کرلیا تھا تاہم فلور مل پر چھاپے کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔