اسلام آباد (این این آئی) حکومت اور اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس اور ترک صدر کے خطاب کے در ان ایوان ماحول میں خوشگوار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر جمعہ کو ایوان کا ماحول خوشگوار رکھنے کیلئے متحرک دکھائی دیئے اس سلسلے میں اسد قیصر کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سید نوید قمر، خواجہ آصف، رانا تنویر، احسن اقبال، سنیٹر جاوید عباسی اور شاہدہ اختر علی جبکہ حکومت کی
جانب سے وفاقی وزیر سنیٹر اعظم سواتی، وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان اور چیف وہپ عامر ڈوگر موجودتھے۔ اسپیکر نے کہاکہ معزز مہمانوں کی آمد کے پیش نظر ایوان کا ماحول خوش آئند رکھنے کا خواہش مند ہوں اپوزیشن اراکین نے شکوہ کیا کہ وفاقی وزرا مراد سعید اور عمر ایوب نے تقاریر میں سخت زبان استعمال کی۔یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں مہنگائی کے معاملہ پر بحث کے دوران حکومت و اپوزیشن میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی تھی۔