لاہور(این این آئی) اونچی دکانوں کے پھیکے پکوان ۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن کی سربراہی میں لاہور کے مختلف شادی ہالوں کی چیکنگ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق 41 معروف شادی ہالوں کی چیکنگ کے دوران ناقص انتظامات پر3 شادی ہال سیل جبکہ 20کو بھاری جرمانے اور15کووارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔
باسی کھانوں کی موجودگی پرگارڈن ٹاؤن میں پرنس ہال،گلشن راوی میں ملن میرج ہال اور گلبرگ میں شادمانی شادی ہال کو سیل کردیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ زائدالمیعاد گوشت، گلی سڑی سبزیوں اور کھلے ملاوٹی مصالحہ جات کے استعمال پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔اسی طرح کیچن ایریا میں واش روم، حشرات کی بھرماراور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر گریشیس بینکویٹ ہال، ٹوپاز ایونٹ کمپلیکس، ظفر کوکنگ اینڈ فوڈ سپلائی کو بھاری جرمانے عائدکیے گئے۔مزید برآں لبرٹی کیسل بینکویٹ ہال،تاج محل، ایمپائر سیگنیچر مارکی،ایوان اکبری میرج ہال،ڈریم پیلس،قصر امیر،مروا بینکویٹ ہال،کورس ایونٹ اینڈویٹنگ،نور جہاں، سپائر ہال،گورمے کیچن،نیو چاندی ہال،گلشن بینکویٹ اور ٹوپازمارکی کو بھی جرمانے عائد کیے۔ علاوہ ازیں انتظامات میں مزید بہتری کے لیے 15شادی ہالوں کو وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے۔عرفان میمن کامزید کہناتھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی روزانہ کی بنیادوں پر شادی ہالوں میں بچنے والے کھانوں کو ٹھکانے لگانے کا نظام بھی وضع کر رہی ہے۔اضافی کھانا سٹور یا ضائع کرنے کی بجائے مستحق افراد تک پہنچایا جائے گا۔