اسلام آباد(آن لائن)ترجمان ایف بی آر نے چیرمین شبرزیدی کے وزیراعظم عمران خان اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ سے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چئیرمین ایف بی آر شبرزیدی 19جنوری تک رخصت پر ہیں اور 20جنوری کو تاجر کنونشن میں شرکت کریں گے۔
ہفتے کے روز جاری بیان میں ترجمان ایف بی آر نے شبر زیدی سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چئیر مین ایف بی آر شبرزیدی کے وزیراعظم عمران خان اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ چئیرمین ایف بی آر شبرزیدی 19جنوری تک رخصت پر ہیں۔ شبرزیدی معمول کے میڈیکل چیک اپ کے لئے کراچی میں ہیں۔ وہ 20جنوری کو اسلام آباد میں تاجرکنونشن میں شریک ہونگے۔ وزیراعظم یا حکومتی معاشی ٹیم سے اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ دوسری جانب چئیرمین ایف بی آر شبرزیدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 20جنوری کو تاجروں کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور تاجر برادری کو دی گئی رعایتوں کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ ہفتے کے روز ٹویٹر پر جاری پیغام میں چئیرمین ایف بی آر شبرزیدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان20جنوری کو تاجروں کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان تاجر برادری کو دی گئی رعایتوں کا باضابطہ اعلان کریں گے جبکہ تاجر تنظیموں سے مکمل دستاویزات اور ٹیکس ادائیگی پر تعاون مانگیں گے۔