کراچی(این این آئی) کراچی کو بجلی فراہم کرنے کی ذمہ دار کمپنی کے الیکٹرک نے صوبائی حکومت کے مختلف محکموں کے ذمہ 50 ارب سے زائد کے واجبات کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو خط لکھ کر آگاہ کیا گیا ہے کہ سندھ حکومت کے مختلف محکموں پر واجبات 50 ارب روپے سے تجاوز کرگئے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیورج بورڈ کے واجبات 33 ارب روپے سے بھی تجاوز کر گئے ہیں۔
خط کے مطابق حکومت سندھ کے الیکٹرک کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کرے کیونکہ واجبات کی ادائیگی نہ ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ واجبات نہ ملنے سے کے الیکٹرک کو دیگر اداروں کو ادائیگی میں مشکلات ہورہی ہیں۔واضح رہے کہ کراچی میں بارشوں کے دوران کے الیکٹرک کے ناقص انتظام، طویل لوڈ شیڈنگ اور اموات سے متاثرہ خاندانوں کی درخواست پر نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنی پر پانچ کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔