کراچی/لاڑکانہ(این این آئی) کتوں کے حملے سے متاثرہ 6 سالہ بچہ حسنین زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔لاڑکانہ میں چھ کتوں نے حسنین کو بھنبھوڑتے ہوئے گال، ناک اور کان سمیت آدھا چہرہ چبا ڈالا تھا جس پر اسے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔ اس کا والد اسے لے کر صوبے کے کئی ہسپتال گیا تاہم کوئی اس کے لخت جگر کو نہ بچاسکا۔قومی ادارہ برائے
اطفال این آئی سی ایچ کے ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال رضا نے بتایا کہ حسنین ہسپتال میں 27 دن سے زیر علاج تھا اور اس کی تین سرجریز بھی کی گئیں لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حسنین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک والدین کو صبر عطا فرمائے، ہم نے تو ہر طرح سے کوشش کی تھی کہ بچے کی جان بچائی جائے۔