اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور میں میگا پراجیکٹ بی آر ٹی میں کسی قسم کی سبسڈی نہ دینے کا اعلان، بی آر ٹی کا کرایہ لوکل ٹرانسپورٹ سے بھی زیادہ ہونے کا امکان ،تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ بی آر ٹی شروع کرنے سے پہلے ہی یہ بات طے کر لی گئی تھی کہ عوام کو سبسڈی نہیں دی جائے گی، فی کلو میٹر پانچ روپے کے حساب سے کرایہ وصول کیا جائے گا۔
پشاور میں جنرل بس سٹینڈ سے حیات آباد تک لوکل ٹرانسپورٹ کا کرایہ پچاس روپے ہے جبکہ اسی روٹ پر بی آر ٹی کا کرایہ 60 سے 65 روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے۔دوسری جانب پشاور کے عوام نے سبسڈی نہ دیئے جانے پر انتہائی مایوسی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے اخراجات کم کرے اور عوام کو سبسڈی دی جائے۔