کراچی(آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کا بیرون ملک علاج ناگزیر قرار دیا تو راستہ نکل سکتا ہے،آصف زرداری کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور اگر ہم ڈیلور کر گئے تو اگلے 5سال بھی ہمارے ہیں۔ایک انٹرویو میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف کے جِلد کے ٹشوز جانچنے کی ضرورت پڑی تو بیرون ملک جانا لازمی ہوگا اور میری ذاتی رائے ہے ڈاکٹرز نے نواز شریف کا بیرون ملک علاج ناگزیر قرار
دیا تو راستہ نکل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا کیس بہت مضبو ط ہے اور ان کا فیصلہ بھی عدالت نے کرنا ہے، دھرنے کی سیاست ختم ہونی چاہیے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کے مولانا فضل الرحمٰن سے تعلقات ہیں، انشا اللّہ تعالیٰ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ ہمارے انڈیکٹرز بہت اچھے ہیں، ہم 28 درجے اوپر آگئے ہیں، اگر ہم نے ڈیلور کیا اور ساری صورتحال کنٹرول کرگئے تویہ پانچ سال اور اگلے پانچ سال بھی ہم ہی ہوں گے۔