اسلام آباد (این این آئی)سینٹ میں وفاقی وزیر مراد سعید کی تقریر کے دور ان اپوزیشن اور مولانا عبد الغفور حیدری کے خطاب کے دور ان حکومتی ارکان نے شدید احتجاج کیا۔ بدھ کو وفاقی وزیر مراد سعید نے سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاناما لیکس تحریک انصاف نہیں لائی تھی، دنیا کے انویسٹگٹیو رپورٹرز نے یہ رپورٹ بنائی تھی، مراد سعید کی تقریر کے دوران سینیٹ میں ہنگامہ آرائی ہوئی،
اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا جس پر چیئر مین سینٹ نے مراد سعید کو ہدایت کی کہ آپ اپنی بات پوری کریں۔ مراد سعید نے کہاکہ 2013 کے الیکشن میں دھاندلی پر وزیراعظم نے چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا،پی ٹی آئی نے انتخابی دھاندلی کے خلاف الیکشن ٹریبونل سمیت تمام فورمز سے رجوع کیا،ن لیگ کے دور میں پی ٹی آئی کے پرامن احتجاج پر حکومت نے طاقت کا بھرپور استعمال کیا،پی ٹی آئی سڑکوں پر پرامن انداز میں احتجاج ریکارڈ کرا رہی تھی۔ سینیٹر مولانا غفورحیدری نے کہاکہ انتخابات کا ڈھونگ رچا کر عمران خان کو وزیراعظم بنایا گیا،غفور حیدری کے خطاب کے دوران وفاقی وزیرپارلیمانی امور اعظم سواتی سمیت حکومتی ارکان نے احتجاج کیا۔چیئرمین سینیٹ کی حکومتی ارکان کو بار بار مداخلت سے باز رہنے کی ہدایت کی۔اعظم سواتی نے مراد سعید کو مزید تقریر کا موقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ چیئر مین سینٹ نے کہاکہ وفاقی وزیر بحث سمیٹنے کے دوران خطاب کرلیں۔ غفور حیدری نے کہاکہ حکومت کو آئینہ دکھاتا ہوں تو ان کو برا لگتا ہے، آزادی مارچ اور احتجاج کے گیارہ دنوں میں ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے دھرنے میں سول نافرمانی کا اعلان کیا اور بجلی کے بل پھاڑے،سلیکٹڈ حکومت ہے، وزیراعظم مستعفی ہوں۔ سینٹ میں وفاقی وزیر مراد سعید کی تقریر کے دور ان اپوزیشن اور مولانا عبد الغفور حیدری کے خطاب کے دور ان حکومتی ارکان نے شدید احتجاج کیا۔