اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نہیں بلکہ نواز شریف کی اپنی جماعت مسلم لیگ ن انہیں مارنا چاہتی ہے۔یہ بات انہوںنے مسلم لیگ (ن )کی رہنما عظمیٰ بخاری کی اس بات کے جواب میں کہی کہ اگر پی ٹی آئی نواز شریف کو مارنا چاہتی ہے تو صاف صاف بتا دے۔زرتاج گل وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن سابق وزیراعظم کی
بیماری پر سیاست کر رہی ہے، انہوں نے بیگم کلثوم نواز کے ساتھ بھی یہی کیا تھا، وہ بیماری کے باعث لندن کے ہسپتال میں داخل تھیں اور انہوں نے لاہور سے انہیں ضمنی انتخابات میں کھڑا کر دیا۔وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی نے عظمیٰ بخاری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہ بیماروں کے ڈرامے نہ ڈالیں، مولانا فضل الرحمان کو انہوں نے اپنا نیا لیڈر چن لیا ہے اور اب ان کی جماعت نواز شریف کو سیاسی موت مارنا چاہتی ہے۔نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت سے متعلق انہوںنے کہاکہ جس طرح سابق وزیراعظم کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے 48 گھنٹوں میں دو مقدموں میں ضمانت دی گئی ہے اسی طرح پنجاب کی جیلوں میں موجود تمام بیمار قیدیوں کو بھی فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 5 سال کے دوران پنجاب کی جیلوں میں 780 قیدی دوائی نہ ملنے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے، ان کا حساب کون دے گا؟زرتاج گل وزیر نے تمام سماجی کارکنان، انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں اور بلاگر سے درخواست کی کہ پنجاب بھر کی جیلوں کا دورہ کریں، قیدیوں کا معائنہ کریں بیمار قیدیوں کی طبی بنیادوں پر رہائی کے لیے ہنگامی طور پر عدالت میں درخواستیں دائر کریں۔وزیر مملکت نے کہا کہ نواز شریف کو ضمانت ملنے کا فیصلہ کسی کی ذاتی پسند یا پسند پر نہیں ہوا بلکہ قانون کے مطابق ہوا ہے، اگر ہم نے ضمانت کے خلاف جانا ہوتا تو ہمارا پراسیکیوٹر اس فیصلے کو چلنج کر دیات مگر ہم نے ایسا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو علاج کا حق ہے وہ ضرور کرائیں لیکن 3 بار وزیراعظم رہنے والے کاش ایک اچھا اسپتال بنا لیتے تو پاکستان میں ان کا علاج ممکن ہو جاتا۔آزادی مارچ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو رینٹ اے لیڈر چاہیے تھا جو مولانا کی شکل میں مل گیا، آزادی مارچ کے کنٹینر پر لگی تصویر کو دیکھیں تو یاد آ جائے گا کہ عمران خان نے کہا تھا چوروں پہ ہاتھ ڈالیں گے تو یہ سب اکٹھے ہو جائیں گے۔اس سوال کے جواب پر کہ کیا آزادی مارچ میں 15 لاکھ لوگ شرکت کریں گے، زرتاج گل نے کہا کہ مفادات کی سیاست، رینٹ اے لیڈر، ابو بچاؤ کا احتجاج کرنے والوں کیلئے کوئی نہیں نکلتا۔