اسلام آباد (صباح نیوز) ریلوے اسٹیشنز پر مسافر صاف پانی کیلئے ترس گئے، مسافروں کو سہولیات دینے میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، ریلوے کے 533 ریلوے اسٹیشنوں میں سے صرف 12پر پینے کاصاف پانی دستیاب ہے ،پشاور،کراچی اورکوئٹہ ڈوپژن میں ایک بھی اسٹیشن پر فلٹریشن پلانٹ موجود نہیں۔ پاکستان ریلوے کے 7 ڈویژن میں صاف پانی مہیاکرنے کے صرف 12 ریلوے اسٹیشنوں پرفلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں۔ کل 533 ریلوے اسٹیشنوں میں سے 157 اہم اور بڑے ریلوے اسٹیشن ہیں۔دستاویزات کے مطابق
ریلوے کے کل 7 ڈویژن ہیں جن میں سے پشاور،کراچی اورکوئٹہ کے کسی ریلوے اسٹیشن میں صاف پانی کے لیے فلٹریشن پلانٹ نہیں لگایاگیاہے راولپنڈی اور ملتان ڈویژن میں ایک ،لاہورڈویژن میں 4اور سکھر ڈویژن میں 6فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں۔ محکمہ ریلوے کی ترجمان قراۃ العین نے مؤقف دیتے ہوئے کہاکہ وزیرریلوے شیخ رشیداحمد نے 2ماہ قبل پریس کانفرنس میں تمام بڑے اسٹیشنوں پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کے زبانی احکامات دیے تھے اگر کسی ڈویژن نے نہیں لگایاتواس کاذمے دار متعلقہ ڈویژن ہے ۔