اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے اوبر اور کریم ٹیکسی کے ذریعے سفر کو محفوظ بنانے کے لئے ان کے ڈرائیورز کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے پینتیس لاکھ روپے کا بجٹ بھی مختص کر دیا گیا ہے یہ فیصلہ اس سروس کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی شکایات اور بعض وارداتوں کے بعد کیا گیا ہے۔ اوبر اور کریم ٹیکسی کے ڈرائیور حضرات کی ذاتی پہچان گاڑی کے ڈیش بورڈ یا سکرین پر اس طرح آویزاں کی جائے گی جس میں ڈرائیور کو الاٹ کیا جانے والا رجسٹریشن نمبر
اور اس کی پہچان واضح ہو سکے۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کی جانب سے خط جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ہر سیکٹر کی سٹریٹس اور مارکیٹوں کی کرائم کے خلاف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو اپنے ارد گرد مشکوک سرگرمیوں یا افراد کی موجودگی میں پولیس کے فوری رسپانس کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کر سکیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حوالے سے کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ مقامی اور باہر سے سیاحت کے لئے آنے والے عوام کو محفوظ رکھا جاسکے۔