لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی نئی انڈسٹریل پالیسی صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ نئی انڈسٹریل پالیسی کے نفاذ سے12 لاکھ شہریوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور انڈسٹریل پالیسی کے تحت 5 لاکھ کارکنوں کی استعدادکار بڑھائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ
انڈسٹریل گروتھ میں سالانہ اوسطاً 10 فیصد اضافے کے ہدف کے حصول کیلئے سرگرداں ہیں۔ لون سپورٹ سکیم کے تحت سمال انڈسٹریز کو فروغ دیں گے جس سے لاکھوں افراد کیلئے روزگار پیدا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کو تمام تر جائز مراعات فراہم کرے گی۔ معیشت کی ترقی صنعت اور کاروبار کے استحکام سے مشروط ہے۔ صنعتوں کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے کاروبار میں آسانی فراہم کریں گے۔ تاجروں اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹیٹ قائم کیا جائے گا۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹیٹ 23 ارب روپے کی لاگت سے 3317 ایکڑ اراضی پر بڑا صنعتی مرکز بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں صنعتوں کے فروغ کیلئے 10 ہزار ایکڑ پر 9 صنعتی مراکز قائم ہوں گے۔ سپیشل اکنامک زونز کے قیام کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ سمال انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کیلئے گوجرانوالہ میں 150 اور وزیر آباد میں 63 ایکڑ اراضی فراہم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں 6 غیرملکی اداروں کی براہ راست سرمایہ کاری سے 6 ہزار شہریوں کو روزگار ملے گا۔ منڈی بہاؤالدین کے علاقے رسول میں 2 ارب روپے سے
پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی بنائیں گے۔ ٹیوٹا کے 7 ہزار گریجوایٹس کو بلاسود قرضے فراہم کریں گے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ فلاحی ریاست کے قیام کے مشن کا آغاز کر دیا ہے، جلد منزل پا لیں گے۔ ہر شہری کے حقوق کا تحفظ اور اس کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ بزرگوں، خواتین، بیواؤں اور دیگر مظلوم طبقات کیلئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں اور احساس پروگرام کا مقصد عوام کے دکھ درد کا احساس اور بروقت مداوا ہے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وا ئس چانسلر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔