اسلام آباد (این این آئی)سیکرٹری جنرل پی پی پی سید نیر حسین بخاری نے شمالی وزیرستان میں فائرنگ معاملہ پر مشترکہ پارلیمانی و قبائلی جرگہ کی تجویز پیش کر دی ۔ ایک بیان میں نیر بخاری نے کہاکہ حقائق کی تہہ تک پہنچنے کیلئے پارلیمانی وفد قبائلی عمائدین کے ہمراہ علاقے کا دورہ کرے۔نیر بخاری نے کہاکہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کہیں چْھپ کے بیٹھے ہوئے ہیں، واقعہ وفاقی حکومت کی نااہلی اور ناکامی ہے۔انہوںنے کہاکہ شہریوں اور فورسز کے درمیان
غلط فہمیاں ملکی مفاد میں نہیں ،خیبر پختونخواہ میں ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے امن ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ امن کی خاطر فورسز اور شہریوں نے جان و مال کی بے شمار قربانیاں دی ہیں،انتشار اور نفاق ملک و ملت کے لئے خطرناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ صورتحال مزید خراب ہونے سے بچنے اور تناؤ کو کم کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے۔