کراچی(این این آئی) حب ڈیم کا لیول خطرناک حد تک بڑھ گیا، حب ڈیم میں سطح آب 298 فٹ تک پہنچ گئی ہے، محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور مزید اضافے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں حب ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح میں تقریبا بیس فٹ کا اضافہ ہوا۔واٹربورڈذرائع کے مطابق حب ڈیم میں پانی کے ذخیرے میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق حالیہ بارش سے حب اور کراچی کو
ایک سال تک پانی فراہم کیا جاسکے گا، حب ڈیم میں سطح آب 298 فٹ تک پہنچ گئی ہے، اس میں مسلسل اضافہ سے حب ڈیم کا لیول خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔واضح رہے کہ حب ڈیم اور کینجھر جھیل کراچی کو پانی کی فراہمی کے دو بڑے ذرائع ہیں، ہاں سے پانی دھابیجی، گھارو اور حب پمپنگ اسٹیشنز کے ذریعے شہر کو سپلائی کیا جاتا ہے۔کراچی کے ضلع ویسٹ کے علاقوں کو پانی کی فراہمی حب ڈیم سے ہوتی ہے اور گذشتہ کئی سال سے بارشیں نہ ہونے کے سبب علاقوں میں پانی کی فراہمی نہ ہونے کے برابرتھی۔