اسلام آباد (آن لائن) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد کیلئے پولیس کے اعلیٰ حکام نے مثالی سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے ۔ جڑواں شہروں میں پولیس اور رینجرز کی ایک ہزار سے زائد چیک پوسٹیں قائم کی جائینگی ، موبائل سروس اور میٹرو بھی دو دن تک معطل رہے گی ، پولیس اور رینجرز کے دو ہزار سے زائد جوانوں کو سکیورٹی کیلئے تعینات کیاجائیگا۔
فیض آباد سمیت اسلام آباد داخل ہونے والی تمام انٹرچینجز کوبھی بند کیا جائیگا ۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان میں دو روزہ دورے کیلئے سکیورٹی اقدامات پر سکیورٹی اداروں اور سفارتخانے کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں پولیس کے اعلیٰ حکام نے ولی عہد کی آمد کے موقع پر مثالی سکیورٹی پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ایک ہزار چیک پوسٹیں قائم کی جائینگی جبکہ دونوں شہروں میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی بند رہے گا ڈرون یا اس جیسے کھلونے نما ہیلی کاپٹرز کو ہوا میں دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا گیا ہے دودن تک ایئربیس بھی بند رہیں گی جڑواں شہروں کے اہم مقامات پر رینجرز کے اہلکار اور ماہر سنائپرز تعینات رہیں گے اس کے علاوہ جڑواں شہروں میں مخصوص جگہوں پر موبائل سروسز اور میٹرو معطل رکھی جائے گی 2000سے زائد سکیورٹی اہلکار محمد بن سلمان کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے ریڈ زون کو بھی مکمل طور پر سیل کیاجائیگا جبکہ فیض آباد سمیت اسلام آباد داخل ہونے والی تمام انٹر چینجز کو بھی بند رکھا جائے گا۔