پشاور(این این آئی) وزیر خزانہ اسد عمر نے لبنانی وزیراعظم سعد حریری کے این آر او سے متعلق کسی بھی کردار کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ کوئی ڈیل ہوگی اور نہ کوئی ڈھیل ملے گی۔ پیر کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سعد حریری کو بتایا ہے کہ آپ نے پاکستان کا پہلا این آر او کیا لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں ہوگا، نہ کوئی ڈیل ہوگی اور نہ کوئی ڈھیل ملے گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ سعد حریری نے ہاتھ اٹھا لیے ہیں اور کہا کہ وہ آئندہ ایسانہیں کریں گے۔اسد عمر نے کہا کہ پے پال
مجھ سمیت کسی حکومتی ادارے کی ڈیسک پر نہیں رکا ہوا، ہم نے تو اس حوالے سے اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو نوجوان گھر بیٹھے کام کرتے ہیں ان کے لیے یہ روزگار کا زبردست ذریعہ ہے، پے پال یا کوئی اچھا آن لائن پیمنٹ سسٹم نہ ہونے سے انہیں مشکلات ہورہی ہیں۔اسد عمر نے بتایا کہ پے پال کے سی ای او کو پیغام بھجوایا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کے لیے بہت ضروری چیز ہے، ان سے ملاقات کے لیے خود امریکا آنے کا بھی کہا ہے، ابھی اس پر بات چیت شروع ہوئی ہے۔