لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومت کی جانب سے شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئر مین شپ سے ہٹانے کیلئے کسی بھی ممکنہ تحریک کو ناکام بنانے کیلئے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں، اس سلسلہ میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے حکومت کی جانب سے شہباز شریف کوپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے لئے کسی بھی طرح کے ممکنہ اقدام سے نمٹنے کیلئے پیشگی تیاری شروع کر دی ہے
اور اس حوالے سے نہ صرف اسمبلی کے رولز سمیت تمام قوانین کا جائزہ لیا جارہا ہے بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ (ن) لیگ کا موقف ہے کہ جو شخص رکن قومی اسمبلی اور قائد حزب اختلاف بن سکتا ہے کوئی بھی قانون اس کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بننے میں رکاوٹ نہیں ڈالتا ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے اس سلسلہ میں پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کرنے کرکے متفقہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔