مظفرآباد(اے این این)وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان علی امین گنڈ ا پور نے کہا کہ عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے البتہ ادارے اور عدالتیں خود مختیارہیں۔ آزادکشمیر میں کڑے احتسا ب کیلئے نیب اور ایف آئی اے کا دائرہ کار آزادکشمیر تک بڑھانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ کوہالہ ہائیڈل پراجیکٹ کا فیصلہ مشاورت اور عوامی بھلائی کو مدنظر رکھ کر معاہدہ ہو گا ،کلبوشن یادیو کو اب تک پھانسی ہو جانی چاہیے تھی۔
معاملہ عالمی عدالت میں لے جانا ہماری خودمختاری میں مداخلت ہے، افضل گورو کی بے گناہی کے باوجود حکومت اسے نہیں بچا سکی، مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں شہادتیں عصمت دریاں عالمی برادری کو کیوں نہیں نظر آتی ہیں، افضل گورو کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ،کشمیر کونسل میں دونوں جانب ڈاکو بیٹھے ہیں، کشمیر کونسل میں اب کمیشن نہیں چلے گا ،لوئر ٹوپہ تا کوہالہ روڈ پر اگلے ماہ کام شروع ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منہاسہ میں سپورٹس فیسٹیول کی تقریب اور اس کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کوہالہ منہاسہ دورہ کی دعوت پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات توصیف عباسی نے انہیں دی تھی جبکہ ان کے ہمراہ ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی ‘چیئرمین آر ڈی اے عارف عباسی بھی موجودتھے گوجر کوہالہ پہنچنے پر انکا استقبال توصیف عباسی کے والد شبیر احمد عباسی ‘ادریس عباسی ‘ملک امان عباسی ‘سہیل عباسی ‘مرتضی عباسی اور عوام علاقہ نے کیا ان پر پھول نچھاور کیے بعد ازاں توصیف احمد عباسی نے مہمان خصوصی کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر ظہرانہ دیا جس میںدھیر کوٹ ‘باغ کی انتظامیہ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی سپورٹس فیسٹیول میں عوام علاقہ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مختلف سکولوں کے طلباء نے ریس ‘کبڈی‘جمناسٹک ‘رسا کشی ‘اور بچون کا مارچ سمیت مختلف کھیلوں کے مظاہرے پیش کئے وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت آزادکشمیر حکومت کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے 13ویں ترمیم عجلت میں منظور کی گئی جسے کیبنٹ میں بھی پیش نہیں کیا گیا اس میں بہت سارے سقم ہیں اداروں کو بھی اس پر اعتراضات ہیں چودہویں ترمیم کے ذریعے مل بیٹھ کر حکومت آزادکشمیر کی مشاورت سے اس میں موجود سقم دور کریں گے آزادکشمیر کو اختیارات دینے کے حق میں ہوں۔
بہت جلد یہ مسئلہ حل ہو جائے گا وزیراعظم عمران خان ملک و وقوم کی حالت بدلنا چاہتے ہیں ہم ملک کی تاریخ بدل کر دکھائیں گے انھوں نے کہاکہ افضل گور کو ماورائے قانون پھانسی دی گئی اسوقت کی پاکستان حکومت افضل گور کو بچانے میں ناکام رہی جبکہ گلبھوشن نے ہزاروں افراد کو دہشتگردی کانشانہ بنانے کا خود اعتراف کیا مگر اس وقت کے حکمرانوں کی بھارتی حکمرانوں سے محبت و ہمدردی اور بھارت کی مضبوط و فعال لابی کے باعث اس دہشتگرد کا کیس عالمی عدالت میں پہنچا دیا گیا ۔
جو ہماری ملکی خود مختاری میں خلل ہے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں کڑے احتساب کیلئے نیب اور ایف آئی اے کا دائرہ ہر صورت بڑھائیں گے اور بے لاگ احتساب کا عمل شروع ہو جائے تو اس سے عوامی فلاح و بہبود اور خطہ کی تعمیر و ترقی میں مدد ملے گی انھوں نے کہاکہ عمران خان کسی کو بھی این آر او نہیں دیں گے البتہ عدالتیں اور ادارے خود مختار ہیں۔ ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی چیئرمین آر ڈی اے عارف عباسی ، توصیف عباسی ، ادریس عباسی ، ملک امان نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ آزادکشمیر میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لوگ اپنے بچوں پر تعلیم کی صورت میں سرمایہ کار ی کریں تقریب کے آخر میں مہمامان گرامی نے مختلف کھلیوں میں حصہ لینے والی طلبہ و طلابات میں انعامات تقسیم کئے۔