کراچی(این این آئی) حکومت اگلے تین ماہ کے دوران مقامی بینکوں سے ساڑھے چونتیس سو ارب روپے قرض لے گی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری سے اپریل کے اختتام تک حکومت کی طرف سے بینکنگ سیکٹر سے مجموعی طور پر 34 کھرب 50 ارب روپے کے قرضے لینے کا شیڈول بنایا گیا ہے، اس عرصے میں حکومت نے 34 کھرب 16 ارب 57 کروڑ روپے کے اندرونی قرضے واپس کرنے ہیں۔ ہدف کے مطابق قرض ملنے کی صورت میں حکومت کو دوسرے روزمرہ اخراجات کے لیے
صرف 33 ارب 42 کروڑ روپے ہی دستیاب ہوں گے۔قرض کے حصول کے لیے تین ماہ کے دوران 5 مرتبہ ٹرثری بلز کی نیلامی سے مجموعی طور پر 32 کھرب روپے اور پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز کی فروخت سے 2 کھرب 50 ارب روپے کے حصول کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے، تاہم جنوری کے دوران حکومت کو کمرشل بینکوں سے نیا قرض لینے میں کافی دشوری کا سامنا رہا، 32 کھرب کے حصول کے لیے بلز اور بانڈز فروخت کیے لیکن 14 کھرب روپے سے بھی کم قرض ملا تھا۔