اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے پی ٹی وی کو بند کرنے کا عندیہ دے دیا، وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پی ٹی وی انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں پاکستان ٹیلی ویژن کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات نے خط میں لکھا کہ پی ٹی وی کا خسارہ بڑھ رہا ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے خسارے میں کمی لانے کے لیے کوئی ٹھوس حکمت عملی تیار نہیں کی گئی۔ فواد چوہدری نے اپنے خط میں
کہا کہ پی ٹی وی کو پہلے بھی کئی مرتبہ ہدایات جاری کی گئیں لیکن اسکے باوجود انتظامیہ کی طرف سے خسارے سے نمٹنے کے لیے کسی قسم کا کوئی بزنس پلان پیش نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ اگر معاملات اسی طرح رہے تو وہ دن دور نہیں جب سرکاری ٹی وی چینل کو بند کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اپنے خط میں پی ٹی وی انتظامیہ کو کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ایک جامع بزنس پلان تیار کریں۔