لاہور (این این آئی ) مسلم لیگ (ن) کے مرکز ی رہنما رانا ثنا اللہ خان نے کہاکہ سسٹم کی خرابی ہے کہ جھوٹے نیازی جیسا سلیکٹڈ وزیراعظم آج قوم پر مسلط ہے،سسٹم کی خرابی نہ ہوتی تو لاہور ہائیکورٹ کا نامی گرامی ٹاؤٹ وفاقی وزیر کے عہدے پر آج قوم کو بھاشن نہ دے رہا ہوتا۔ رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ سسٹم کی خرابی ہے کہ عثمان بزدار جیسا ریموٹ کنٹرول وزیراعلی پنجاب جیسے صوبے پر حکمران ہے۔سسٹم کی خرابی ہے کہ جسے عمران نیازی اپنا چپڑاسی رکھنے کو تیار نہیں تھا، وہ اس کا ترجمان ہے۔
سسٹم کی خرابی ہے کہ علیم خان گرفتار ہوجاتا ہے لیکن اس کے سوئمنگ پول پر نہانے اور مال پر عیاشی کرنے والا آزاد ہے، یہ سسٹم ہی کی خرابی ہے کہ آمر کا ترجمان حکومت میں اور وہ خود بیرون ملک زیر علاج ہے،سسٹم کی خرابی ہے کہ قوم کا مینڈیٹ چوری ہو گیا ،چوری کرنے والے حکومت میں اور قوم کی خدمت کرنے والے جیل میں ہیں،سسٹم کی خرابی ہے کہ جھوٹ حکمران اور سچائی جیل میں قید ہے۔ انہوں نے کہاکہ سسٹم کی خرابی نہ ہوتی تو جنہیں جیل میں ہونا چاہیے وہ حکومت میں اور جنہیں حکومت میں ہونا چاہیے تھا وہ جیل میں نہ ہوتے۔