اسلام آباد(این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کرغستان اور قازقستان کے سفراء سے ملاقات کی ،باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔جمعہ کو دونوں سفیروں نے چیئرمین سینیٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
چیئر مین سینٹ نے کہاکہ حکومت اور پارلیمنٹ کی سطح پر پاکستان اور کرغستان کے بہترین تعلقات ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ پاکستان اور کرغستان کی پارلیمنٹ میں دوستی گروپوں کو مزید فعال بنایا جا سکتاہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور کرغستان نے بین الاقوامی فورمز کی سطح پر اہم بین الاقوامی امور کے حوالے سے یکساں موقف اختیار کیا ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ بالخصوص دونوں ملکوں کا ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سطح پر تعاون قابل ستائش ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعاون اور سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ تعلیم کے شعبے میں موجود مثالی تعاون کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ پاکستان اور قازقستان کے مابین برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں۔صادق سنجرانی نے کہاکہ سینیٹ میں قازقستان ، پاکستان دوستی گروپ موجود ہے، جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مربوط بنایا جا سکتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سطح پر بھی بہترین تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے اکثر بین الاقوامی اور علاقائی امور پر یکساں موقف اختیار کیا ہے۔صادق سنجرانی نے کہاکہ پاکستان اور قازقستان کے مابین دفاع اور دیگر شعبوں میں وسیع تعاون موجود ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ قازقستان کے صدر کے گزشتہ سال کے پاکستان کے دورے سے دوطرفہ تعاون میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے معاشی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون میں استحکام آئے گا۔