لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی صحت کے معاملے کو خاص مقاصد کیلئے سیاسی بنا رہی ہے ،عبد العلیم خان کی جانب سے گرفتاری کے بعد فوری مستعفی ہونا قابل ستائش اقدام ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی زندگیوں میں تبدیلی اور بہتری لانے کے لئے بہت سے منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
جس کے ثمرات بہت جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ ہم نے سابقہ حکمرانوں کی عوام کے ٹیکسوں کی آمدنی کو اپنے اوپر خرچ کرنے کی روایت کو توڑ ا ہے اور اب ٹیکسوں سے حاصل ہونے والا پیسہ ملک اور قوم کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ہم نے اس پر کاربند رہنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔