کراچی(این این آئی)وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اب دیکھیں گے کہ علیم خان کو شہباز شریف جیسی سہولیات ملتی ہیں یا نہیں، عمران خان کے آنے سے ادارے آزاد ہوئے۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ علیم خان کی گرفتاری پر حکومت کو کوئی پریشانی نہیں ہے، ان کے خلاف کیس2005کا ہے، نیب آزاد ادارہ ہے اس نے علیم خان کو بلایا اور گرفتار کیا۔
انہوں نے کہاکہ علیم خان نے استعفیٰ دیا اور کہا کہ مقدمے کا سامنا کروں گا، گرفتاری کے بعد علیم خان یا پی ٹی آئی دوسروں کی طرح نیب کو گالیاں نہیں دیں گے اور نہ ہی علیم خان کی طبیعت خراب ہوگی نہ وہ یہ کہیں گے کہ مجھے اسپتال لے جائیں۔فیصل واوڈانے کہاکہ اب دیکھنا یہ ہے کہ علیم خان کو شہباز شریف کی طرح سہولیات ملتی بھی ہیں یا نہیں؟ اب نیب کا امتحان ہے کہ کیا علیم خان کو منسٹر انکلیو میں لے جایا جائے گا؟ اب علیم خان پھنسیں گے یا پھر نیب کا امتحان ہوگا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ اپنے قائد عمران خان کی سیاسی تربیت کی بدولت ہمارے لوگ وزارتیں چھوڑ رہے ہیں، وزیراعظم کے آنے سے ادارے آزاد ہوئے، اللہ کے بعد فیصلہ کرنے کی کوئی طاقت ہے تو وہ ملک کے وزیراعظم عمران خان ہیں۔فیصل واوڈا نے کہاکہ مصدق ملک نے کہا کہ اب ان کے کسی اور لیڈر کو پکڑا جائے گا اس کا مطلب بھی انہیں ہی معلوم ہے، گرفتاری کے بعد ایسی ایسی بیماریاں سامنے آتی ہیں جو دور اقتدار میں نہیں آتیں، نواز شریف کی طبیعت خراب ہے، اسپتال انسانیت کے تحت بھیجا گیا۔شاہد خاقان عباسی کی ایئربلو ترقی کرتی گئی مگر قومی ایئرلائن ڈوبتی گئی، وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حمزہ شہباز اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ بدل کر کہاں اور کیا کرنے گئے تھے یہ معلوم کریں۔