ملتان(این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ میں وزارت کا بھوکا ہوں، کیا میں پاگل ہوں جو لڑائی جھگڑا کروں گا؟ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جھگڑا کرنے نہیں جا رہا، لڑائی تو ان کالے کیمروں کی ہے،بلاول کو معاف کردیا وہ میرا جانی ہے، آصف زرداری اور نوازشریف نے ملکی خزانہ لوٹا،کسی صورت ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑنا چاہئے،عمران خان کی ہمت ہے ،اتنے عرصے تک معیشت کو سنبھالا ہوا ہے، سچا آدمی ہوں، آئی ایم ایف کے پاس جانا ہی پڑیگا،
ریلوے کو ’کماؤ پتر‘ بنائیں گے کسی پر بوجھ نہیں بنیں گے، پیسوں کی کمی کے باعث مشکلات ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے یہ بات بدھ کو ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بلاول نے مجھ سے متعلق غلط بات کی تھی، وہ بچہ ہے، میرا جانی ہے، اس نے معافی مانگ لی ہے اور میں نے بھی اسے معاف کر دیا ہے، اللہ تعالیٰ صلح صفائی کو پسند کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری او رمحمد نوازشریف نے ملکی خزانہ لوٹا،کسی بھی صورت ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو چلانا محمد شہبازشریف کاکام ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے تک وہ پی اے سی کو چلائیں، پروڈکشن آرڈر جاری کرنا آئینی اور قانونی بداخلاقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے میرا نام خود پی اے سی میں شامل کیا،کیا میں پاگل ہوں جو لڑائی جھگڑا کروں گا؟ ۔انہوں نے کہا کہ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جھگڑا کرنے نہیں جا رہا، لڑائی تو ان کالے کیمروں کی ہے،مجھے 11کروڑ مائیں، بہنیں، بیٹیاں اور عوام دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہمت ہے کہ انہوں نے اتنے عرصے تک معیشت کو سنبھالا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8تاریخ کو پریس کانفرنس کر کے سیاسی حالات سے متعلق قوم کو بتاؤں گا، کوئی ڈیل یا ڈھیل وزیراعظم کی اجازت کے بغیرنہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ
عوام سے ایک سال کی مہلت مانگی تھی، ایک سال میں ریلوے کو مثالی بنائینگے، میں سچا آدمی ہوں، ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو تین ماہ میں عوام پرمزیدبوجھ بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے باقی اداروں کے پاس جانے کا دروازہ بھی کھل جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ملک کا خزانہ چوروں، ڈاکوؤں نے لوٹا ہے، ہم نے سنگل ٹینڈر کے ٹھیکے منسوخ کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ہفتے میں 2دن کراچی اور 2دن لاہور میں بیٹھوں گا،
فریٹ ٹرینوں کیلئے اپنا دفتر کراچی منتقل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کو ’کماؤ پتر‘ بنائیں گے کسی پر بوجھ نہیں بنیں گے، ہمارے پاس پیسوں کی کمی ہے جس کے باعث مشکلات ہیں۔وزیر ریلوے نے کہا کہ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور خانیوال اسٹیشن کو اپ گریڈ کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ تھل ایکسپریس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لٹیروں اور ڈاکوؤں کی وجہ سے ریلوے کی حالت خراب ہوئی، سسٹم خراب ہو گیا ہے، قوم کو ہمت کر کے آگے چلنا ہے،
پکا بھروسہ ہے کہ ایک سال میں قوم کے مسائل حل کر لیں گے۔ قبل ازیں فیصل آباد سے ملتان روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ 2019ء انشاء اللہ ریل کا سال ہوگا۔انہوں نے یہ کہا کہ فیصل آباد کو ایک فریٹ ٹرین دے چکے ہیں اب ایک اور مسافر ٹرین بھی دینے کو تیار ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے نے ملتان روانگی سے قبل کلین، گرین اور خوش اخلاق مہم کے سلسلے میں فیصل آباد ریلوے سٹیشن پر پودا لگایا،پودا لگانے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعائے خیر بھی کی۔