اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے قرضوں میں 1200 ارب کا اضافہ ہو گیا، وزارت خزانہ کے مطابق پاکستانی روپے کی قدر میں کمی سے گزشتہ مالی سال قرضوں میں 1200 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق روپے کی قدر میں کمی قومی خزانے پر اضافی بوجھ بن گئی، روپے کی قدر میں 2017-18ء میں 25 فیصد کمی سے قرضوں میں 1200 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ ایک نجی ٹی وی کی
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال حکومت نے بینکنگ ذرائع سے 1120 ارب روپے اور نان بینکنگ ذرائع سے 353 ارب روپے کا قرض حاصل کیا جبکہ بیرونی ذرائع سے 78 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا قرض حاصل کیا گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق 18۔2017ء کے مالی سال میں مالیاتی خسارہ پانچ سال کی بلند ترین سطح 2260 ارب روپے رہا جو جی ڈی پی کے 6 اعشاریہ 6 فیصد کے برابر ہے۔