لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر عبد العلیم خان نیب دفتر میں پیشی پر آنے کے بعد گرفتار ہونے والی تیسری شخصیت ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق اس سے قبل نیب کی جانب5جولائی کو سابق وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کی تحقیقات میں طلب کیا گیاتھا اور ان کے جوابات سے مطمئن نہ ہونے پر انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔
نیب کی جانب سے سابق وزیرا علیٰ پنجاب شہباز شریف کو 5اکتوبر کو صاف پانی کیس کی تحقیقات کیلئے طلبی کے نوٹس جاری کئے گئے تھے تاہم پیشی پر انہیں آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ صوبائی وزیر عبد العلیم خان کو گزشتہ روز آمدن سے زائد اثاثوں اور آف شور کمپنی کی تحقیقات میں طلب کیا گیا تھا اور اسی دوران انہیں باضابطہ گرفتار کرلیا گیا ۔