کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنمانبیل گبول نے دعویٰ کیاہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید وزیراعظم عمران خان کو بلیک میل کررہے ہیں،یہ بات ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ اتحادی اور تحریک انصاف کے اپنے لوگ عمران خان کو بلیک میل کررہے ہیں اور وہ ہورہے ہیں۔خصوصی گفتگوکے دوران انہوں نے کہا کہ شیخ رشید ایک نشست رکھتے ہیں لیکن وہ بھی عمران خان کو بلیک میل کررہے ہیں۔
ہمارے علم میں ہے وہ کس کے کہنے پر یہ کررہے ہیں۔نبیل گبول نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بہت ساری چیزوں کے لیے سمجھوتہ کرلیا ہے، عوام سے تبدیلی کا وعدہ کیا گیا لیکن ایسا کچھ نہیں ہورہا جس کا عمران خان نے عوام سے وعدہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک التواء پر کسی کو معطل یا برخاست نہیں کیا جاسکتا، اگر یہ کام شروع ہوگیا تو ملک میں کوئی ادارہ نہیں چل سکے گا، حکومت کو اپوزیشن کام نہیں کرنے دے گی۔