لاہور(سی پی پی )نیب لاہور نے علیم خان کو نیب حوالات منتقل کر دیا جہاں طبی ماہرین نے عبدالعلیم خان کا طبی معائنہ کیا ۔ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں مکمل صحت مند قرار دے دیا۔ نیب نے اس موقع پر علیم خان کو اپنے استعمال کی اشیا گھر سے منگوانے کی اجازت دے دی ہے۔ سینئر وزیر پنجاب علیم خان کوآج نیب عدالت نے پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا۔
عبدالعلیم خان دن گیارہ بجے کے قریب ٹھوکرنیاز بیگ پر موجود نیب کے دفتر پہنچے۔ جہاں نیب نے علیم خان سے 18سوالات کئے جن میں سے وہ صرف3سوالات کے جواب دے سکے اور نیب کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد نیب نے انہیں حراست میں لے لیا۔ عبدالعلیم خان چوتھی بار قومی احتساب بیورو کے روبرو پیش ہو ئے تھے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کی ایف زیڈ سی اور اے این اے نامی کمپنیوں میں 90 کروڑ روپے سے زائد کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔اس حوالے سے بھی ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔ صوبائی وزیر بلدیات اس سے پہلے سال 2018 میں تین بار نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو چکے ہیں لیکن تاحال نیب حکام ان کے جمع کروائے گئے ریکارڈ اوت بیانات سے مطمئن نہیں ہو سکے۔ نیب کی جانب سے اس بار بھی حکومتی رکن کو فنانشل مینجمنٹ یونٹ، ایف بی آر اور سیکیورٹیز ایکسچینبننج کمیشن آف پاکستان کی اہم دستاویزات ساتھ لانے کا کہا گیا تھا۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو تحریک انصاف کے رہنما علیم خان سے آف شور کمپنیوں سے متعلق تحقیقات کر رہی تھی انہیں آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ علیم خان سال 2011 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔ گزشتہ سات سال سے وہ اس جماعت سے وابستہ ہیں۔ اس سے قبل وہ سابق صدر مشرف کے دور میں وزیر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔