کراچی(این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کے خلاف مزید گھیرا تنگ کرنے کی تیاری مکمل کرلی، ایف بی آر کابے نامی قانون 8 فروری سے لاگو ہوجائیگا۔تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ اور کرپشن کے خلاف مزید گھیرا تنگ ہونے جارہا ہے، ایف بی آر کا بے نامی قانون رواں ہفتے سے نافذ العمل ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا بے نامی قانون آٹھ فروری سے لاگو ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت اکاؤنٹ ہولڈرز
کی تمام جائیداد ضبط کر لی جائے گی۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق یہ قانون انتہائی سخت ہے اور اس کے تحت بے نامی اکاؤنٹ رکھنے والے کی تمام جائیداد ضبط ہو سکتی ہے، ٹیکس نیٹ کے اندر رہتے ہوئے لوگ بے نامی جائیدادیں خرید رہے ہیں۔بے نامی جائیدادوں سے متعلق قانون کا مسودہ وزارت قانون کو بھیج دیا ہے، اس قانون سے معیشت کو ڈاکومنٹ کرنے میں مدد ملے گی جبکہ بے نامی اکاؤنٹس کے حوالے فی الحال کوئی ایمنسٹی اسکیم نہیں آرہی ہے۔