راولپنڈی (این این آئی)سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی ،کارروائی میں 3دہشت گرد مارے گئے ، سمال مشین گنیں، ہینڈ گرنیڈز، مواصلاتی آلات اور مقامی کرنسی برآمد کی گئی ۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جنوبی وزیرستان اور بلوچستان کے سرحدی علاقے گل کچ میں دہشت گردوں کے ایک خفیہ ٹھکانے پر کیا گیا۔ فورسز کو دیکھ کر
خفیہ ٹھکانے میں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی اور قریبی پہاڑیوں میں فرار ہو گئے۔سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا پیچھا کیا اور فائرنگ کے شدید تبادلے میں تمام 3دہشت گرد مارے گئے۔ اس کارروائی میں سمال مشین گنیں، ہینڈ گرنیڈز، مواصلاتی آلات اور مقامی کرنسی برآمد کی گئی۔مارے گئے دہشت گردوں سے شناختی کارڈرز کے علاوہ تحریک طالبان پاکستان کے کارڈز بھی ملے ہیں۔ اس بات کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ دہشت گردوں کی شناخت کیا ہے اور کن کن سے تعلق ہے۔