حجرہ شاہ مقیم (این این آئی)اوکاڑہ کے قصبے حجرہ شاہ مقیم میں کالج کی طالبات کو اغوا کرنے، تشدد کا نشانہ بنانے اور ان کی اشیاء چھیننے کے الزام میں سابق صوبائی وزیر کے کزن اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیاگیا۔
ملزم پیرحامد علی شاہ عرف گونگا پیر نے محض اپنی جیپ کو اوورٹیک کرنے پر وین ڈرائیور اور طالبات کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق حجرہ شاہ مقیم پولیس نے سابق صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی کے کزن پیر حامد علی شاہ عرف گونگا پیر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔مقدمے میں مقامی سرکاری کالج کی طالبات کو اغواء کرنے، تشدد کا نشانہ بنانے اور ان کی اشیاء چھیننے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔اس سے قبل پیر حامد علی شاہ عرف گونگا پیر کے خلاف طالبات اور ان کے والدین نے کوٹ شوکت سلطان کے مقام پر کئی گھنٹے تک احتجاج کرتے ہوئے قصور ملتان روڈ بلاک کئے رکھا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے محض اس وجہ سے انہیں اور وین ڈرائیور کو تشدد کانشانہ بنایا کہ ان کی وین نے ملزم گونگا پیر کی جیپ کو اوورٹیک کیوں کیا۔گونگا پیر اور اس کے ساتھیوں نے طالبات اور وین ڈرائیور پر تھپڑوں کی بارش کر دی، طالبات کو اپنی جیپ میں لے جانے کی کوشش کی، ان کی چیزیں چھین لیں اور وین ڈرائیور کو وین سمیت اغوا کر کے لے گئے۔