اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ڈیسکون کمپنی کو چھوڑ دیا ہے ، اس کے معاملات سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں نے ڈیسکون کمپنی کو چھوڑ دیا ہے اور اس کے معاملات سے میرا کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی برآمداتی مصنوعات کے فروغ کے لیے موثر اقدامات کے ساتھ ساتھ رواں سال کے 27 بلین ڈالر کے برآمدی ہدف کے حصول کے لیے بھی کوشاں ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ اس ہدف کے حصول میں کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے
کہا کہ گزشتہ سال دسمبر میں ملکی برآمدات میں 5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں بہت سے اہم اور مثبت اقدامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ ملکی برآمدات کے حجم کو مزید فروغ ملے۔ مشیر برائے تجارت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک کے مالی معاملات کو موثر طریقے سے منظم کر رہی ہے اور قومی معیشت کو فروغ دینے کے لیے اپنی تجارتی اور برآمداتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تجارت اور برآمداتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے چین، جاپان، انڈونیشیا اور دیگر ممالک پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔