اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سٹینڈرڈز اینڈ پورز کی رپورٹ پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی معاشی درجہ بندی کرنے والے ادارے کی رپورٹ نااہل حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ پیر کو ایک بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ عالمی ادارے نے حکومت کی نااہلی، جھوٹ اور دھوکہ دہی کا بھانڈہ عالمی چوراہے ہیں پھوڑا ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ پاکستان کی ساورن ریٹنگ منفی بی ہونے سے حکومتی نالائقی ثابت ہوگئی،
یہ ملک کے لئے اچھی خبر نہیں۔مریم اور نگزیب نے کہا کہ عمران صاحب جب سے آئے ہیں، بدقسمتی سے قوم کو ہر روز ایک بْری خبرہی مل رہی ہے ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ سٹینڈرڈز اینڈ پورز کا حکومت کی معاشی کارکردگی توقعات سے بھی بْری ہونے کا بیان لمحہ فکریہ ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ خدانخواستہ صورتحال میں بہتری نہ ہوئی تو ملک وقوم کے لئے سنگین مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہا کہ یہ رپورٹ بتارہی ہے کہ موجودہ نالائق ٹیم پاکستان کی معیشت کو تباہی وبربادی سے دوچار کرنے کے درپے ہے ۔ مریم اور نگزیب نے کہا کہ عالمی ادارے نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی صورتحال اور داخلی کیفیت ان کی سابقہ توقعات سے بھی بہت بری رہی ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ناقص معاشی انتظام معاشی واقتصادی بربادی کی وجہ قرار دیاجارہا ہے۔ ۔ انہوں نے کہاکہ رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات کے بعد سے مالیاتی عدم توازن کے پہلو پر توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ مالیاتی بحالی اور بیرونی سطح پر امور کی بہتری کے امکانات ختم ہونے کی بات عالمی سطح پر ملکی ساکھ کے لئے بڑا دھچکہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ رپورٹ ثابت کررہی ہے کہ حکومت دانستہ ملک کو دیوالیہ پن کی کھائی کی طرف لیجارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شرح نمو کے امکانات اور
غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی میں پاکستان کی بیرون پوزیشن چیلنج ہونے کی بات خطرے کی گھنٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی ساکھ کے حوالے سے سوالات کا ابھرنا ہر محب وطن کے لئے پریشان کن بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے کا یہ کہنا کہ دوست ممالک سے امداد لینے کے باوجود پاکستان کی بیرونی ساکھ کے لئے خطرات ہیں، شہبازشریف کی بات کی تصدیق ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر نے پہلے ہی خبردار کیاتھا کہ
قابل عمل معاشی حکمت عملی کی عدم موجودگی میں یہ امداد ملک کے لئے ایک نیا مسئلہ بن جائیگا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ شہبازشریف نے پہلے دن ہی میثاقِ معیشت پر تمام جماعتوں کی کانفرنس بلانے کا مشورہ دیاتھا،عمران صاحب کی انا اور غرور قائد اختلاف کے پاکستان کے مفاد میں دیئے گئے مشورے کی راہ میں رکاوٹ بن جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب انا اور تکبر کو ملک کے مفاد پر قربان کرکے قائد حزب اختلاف کے مشورے پر عمل کریں۔ انہوکں نے کہاکہ
اپوزیشن چیختی رہی کہ آئی ایم ایف کے بارے میں واضح موقف اپنایا جائے، آج عالمی ادارے بھی حکومت کے خودساختہ عدم استحکام کی گواہی دے رہے ہیں۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ رپورٹ میں سی پیک پر کام کی رفتار سست ہونے کی تصدیق ہونے سے ثابت ہوگیا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا کیا ہے؟ عالمی ادارے نے واضح کردیا ہے کہ حکومت کی کوئی معاشی سمت اور کوئی معاشی وژن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مشاورت کا راستہ اپنائے، اس سے پہلے کہ خدانخواستہ کوئی ناقابل تلافی ہوجائے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت ضد، ہٹ دھرمی، جھوٹ اور حماقت ترک کرکے ہوش کے ناخن لے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب معیشت کے لئے یوٹرن لے لیں، معاشی صورتحال پراپوزیشن سے مشاورت کریں۔انہوں نے کہاکہ معاملہ قومی اسمبلی میں لائیں، پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی ہر چیز پر مقدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار، شاہد خاقان عباسی،مفتاح اسماعیل ملک وقوم کے لئے مشاورت دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پاکستان اور عوام کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی، پاکستان پہلے ہے، سیاست ہوتی رہے گی۔