جیکب آباد(این این آئی) 4دہشت گرد ی کے مقدمات اور ای سی ایل میں شامل کالعدم تنظیم کے ایک رکن نے سرنڈر کردیا، جسمم سے لاڑکانہ کے احسان منگی کا اظہار لاتعلقی، جیکب آباد میں پریس کانفرنس، مستونگ کے علاقے میں تربیت حاصل کی، لوگوں کو حقوق کے حصول کے نام پر ورغلا کر ملک دشمن کارروائیوں کا حصہ بنا کر گمراہ کیا گیا ، اپنی زندگی اب محب وطنی میں گذاروں گا: احسان منگی۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے رہائشی احسان منگی نے جیکب آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جسمم سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے قومی سلامتی کے ادارے کے سامنے سرنڈر کردیا، پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسان منگی نے کہا کہ میرا تعلق غریب گھرانے سے ہے، 2004میں جسمم میں شامل ہوا 2006میں جسمم کے امان اللہ سے ملاقات ہوئی اور مجھے لاڑکانہ تحصیل کا سیکریٹری بنایا گیا دسمبر 2008میں مارو چانڈیو کے گھر لاڑکانہ میں جسمم چیئرمین شفیع برفت سے پہلی ملاقات ہوئی ،2009میں بلوچستان کے ضلع جھل مگسی کے علاقے چوکھی میں جسمم چیئرمین شفیع برفت کی نگرانی میں اجلاس میں شرکت کی جس میں اصغر شاہ، اصغر سندھی،روپلو چولیانی مرحوم، برکت عرف دیوان پریم مرحوم، مجیب چولیانی اور اکبر ڈکھن شامل تھے کچھ عرصہ بعد اصغر شاہ نے ناراض ہوکر سندھ ریپبلکن آرمی کے نام سے تنظیم بنائی ،مستونگ کے علاقے میں 7دن تک چھوٹے ہتھیاروں اور وائرلیس رابطوں کی تربیت حاصل کی ،2015میں ریلوے ٹریک فتح پور گیس پائپ لائن ، شہباز رینجرز میس ، سرکاری تیل لانے والی گاڑیوں کی ریکی کی، احسان منگی نے بتایا کہ مجھے سبز باغ دکھائے گئے مجھ سمیت دیگر ساتھیوں کو حقوق کے حصول کے لیے متحرک کیا گیا جو آہستہ آہستہ ملک مخالف نعروں اور ملک دشمن کارروائیوں میں تبدیل ہوگیا، جس کے باعث تنظیم کی ایسی کاروائیوں سے میں تذبذب کا شکار ہوا مجھ سمیت کئی نوجوانوں کو حقوق کی جھوٹی لڑائی کا حصہ بنا کر گمراہ کیا جارہا ہے، جس کا اب مجھے احساس ہوا ہے اس ملک پاکستان نے عزت اور پہچان دی پر کچھ نافہم دوست ایسی تنظیموں کا شکار ہورہے ہیں جو بیرونی طاقتوں کے اشاروں پر چل رہی ہیں ، احسان منگی نے کہا کہ جو غلطیاں سرزد ہوئیں ازالہ تو نہیں کرسکتا پر کیسز کا عدالتوں میں سامنا کرنا کرونگا اور اب اپنی باقی زندگی محب وطن شہری بن کر گذاروں گا۔