کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ماضی میں لیے گئے قرضوں کی بیرونی ادائیگیاں سعودی امداد کے برابر رقم بھی کھا گئیں، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ماہ میں تقریباً دو ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق ماضی میں لیے گئے قرضوں اور خسارے کی وجہ سے ادائیگیوں کا توازن شدید متاثر ہے، ایک اندازے کے مطابق رواں مالی سال میں پاکستان کو لگ بھگ بارہ ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنا ہیں، گزشتہ ایک ماہ میں مسائل میں اتنا اضافہ
ہو چکا ہے کہ سعودی عرب سے ملنے والی دو ارب ڈالر کی رقم بھی چٹ ہو گئی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر ایک ماہ قبل 13 ارب 75 کروڑ ڈالر کی سطح پر تھے، سعودی عرب کی جانب سے دو ارب ڈالر ملنے کے باوجود ذخائر 13 ارب 83 کروڑ ڈالر کی سطح پر ہیں، رپورٹ کے مطابق سٹیٹ بینک کے ذخائر اس وقت ڈیڑھ ماہ کی درآمدات کے لیے ناکافی ہیں، ادائیگیوں کا اگر اسی طرح سلسلہ چلتا رہا تو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین سے ملنے والی رقم بھی ختم ہو جائے گی۔