اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سانحہ ماڈل ٹائون ازخود نوٹس کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت، چیف جسٹس نےپنجاب حکومت کی سانحہ ماڈل ٹائون کی نئی جے آئی ٹی بنانے کی یقین دہانی پر معاملہ نمٹا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج سانحہ ماڈل ٹائون ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں بنچ نے کی۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے نئی جے آئی ٹی بنانے پر پنجاب حکومت کی رضامندی اور یقین دہانی
پرمعاملہ نمٹا دیا۔ طاہر القادری نے کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت عظمیٰ اور حکومت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کے مؤقف کو تحمل اور صبر سے سنا ۔ ہم عدالت کے فیصلے پر مطمئن ہیں اور حکومت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے جے آئی ٹی بنانے کی بات پر اعتراض نہیں اٹھایا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹائون ازخود نوٹس کیس میں نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز ، رانا ثنا اللہ ، خواجہ آصف اور دیگر 46افراد کو نوٹس جاری کئے تھے۔