اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے مدینہ کی طرز پرریاست کے قیام کے سلسلے میں اسلامی نظریاتی کونسل سے تعاون مانگ لیا ۔ روزنامہ جنگ کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری اور وزیر پارلیمانی امورعلی محمد خان نےگزشتہ ہفتے چیئرمین نظریاتی کونسل سمیت ممبران سےملاقات کی اوراس سلسلے میں تعاون مانگا۔ پیر نور الحق قادری اور علی محمد خان کی اچانک نظریاتی کونسل اجلاس آمد کی اندرونی کہانی پتہ چلی ہے جس کےمطابق خواتین اور اقلیتوں کے
حقوق کے سلسلے اسلامی نظریاتی کونسل سے تعاون مانگا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزراء نے کونسل سے پوچھا ہے کہ ریاست مدینہ فلاحی ریاست تھی، ہم ملک کو درپیش مسائل کے باوجود کس طرح اس پر عمل پیرا ہوسکتے ہیں۔ وفاقی وزراء نے کونسل ارکان سے آرا طلب کرلی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کونسل کے ممبران نے جواب دیا کہ فلاحی ریاست کے قیام کے سلسلے میں سب سے پہلے سود کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ ارکان نے موقف اختیار کیا کہ اس حوالے سے طویل مشاورت کی ضرورت ہے۔