لاہور ( این این آئی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے کا حکم دے دیا ہے،وزیراعظم نے ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ٹرانسفر پوسٹنگ میں کسی وزیر کا نام نہیں آنا چاہیے۔ایوان وزیر اعلیٰ میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے لاہور کا ایک روزہ دورہ کیا۔
دورے کے دوران پنجاب حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور صوبائی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی ایم سیکرٹریٹ کا خرچہ پہلے 55لاکھ روپے ماہانہ تھا جو اب کم ہو کر 8لاکھ روپے ہو چکا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گورنر ہاؤس کوئی تاریخی جگہ نہیں، ایک آفس ہے اور وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا حکم دے دیا ہے۔48سے 72گھنٹے میں گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو گا،دیواریں گرا کر جنگلہ لگایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ میں کسی وزیر کا نام نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں پہلے خالصتاً سیاسی بنیادوں پر بنائی جاتی تھیں، نئی پرائس کنٹرول کمیٹیاں بہتر کام کریں گی۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بڑاحکم دیتے ہوئے کہاہے کہ گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں فوری گرا دی جائیں، عام آدمی کی معاشی اور سماجی زندگی میں بہتری کے اقدامات تیز کیے جائیں، مہنگائی کم کرنے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں قائم کی جائیں ۔ ہفتہ کو عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس دورا ن وزیر اعظم نے ہدایات دیں کہ عام آدمی کی معاشی اور سماجی زندگی میں بہتری کے اقدامات تیز کیے جائیں۔اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سو روزہ کارکردگی پر بریفنگ دی ۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سربراہی میں پنجاب کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں 100روزہ کارکردگی اور اب تک کئے گئے اقدامات پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔