اسلام آباد(سی پی پی) تحریک انصاف کی حکومت نے معذور افراد کو صحت انصاف کارڈ اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ کرلیا ہے۔باقاعدہ اعلان وزیر اعظم پاکستان عمران خان معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر کریں گے۔حکومتی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے عام آدمی کے فلاح وبہبود کے منصوبے کو تقویت دیتے ہوئے ملک بھر کے معذور افراد کو صحت انصاف کارڈ اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ کرلیا ہے،ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے سی پی پی سے گفتگو کرتے
ہوئے کہا کہ عام آدمی کی فلاح وبہبود پی ٹی آئی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔اسی تناظر میں حکومت نے ملک بھر کے معذور افراد کو صحت کارڈ اور بلا سود قرضے دینے کافیصلہ کرلیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت معذور افراد کو صحت کارڈ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ چھوٹے پیمانے پر بلاسود قرضے بھی دے گی تاکہ معذور افراد اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔قرضوں کی حد کے بارے میں ابھی چیزیں حتمی مراحل میں ہیں۔بلاسود قرضہ کی حد 2سے اڑھائی لاکھ روپے ہوسکتی ہے۔