گجرات (نیوز ڈیسک) ایف آئی اے گجرات نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہنڈی حوالہ کی رقم منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، 4 ملزمان کو گرفتار کر کے 5 کروڑ 50 لاکھ برآمد کر لئے۔ایف آئی اے گجرات نے خفیہ اطلاع پر ملتان کے قریب گاڑی سے حوالے ہنڈی کی رقم برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ٗ ایف آئی اے کے مطابق گاڑی پر رقم کراچی منتقلی کی اطلاع موصول ہوتے ہی ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب محمد وقار عباسی نے فوری طور پر کارروائی کا حکم دیا جس پر ایف آئی اے ٹیم
نے گاڑی کا تعاقب کرنا شروع کیا اور ملتان کے قریب پہنچ کر گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی جس پر گاڑی سے 5 کروڑ 50 لاکھ برآمد کر کے گاڑی کے ڈرائیور سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس موقع پر ایف آئی اے ملتان کی ٹیم بھی ہمراہ تھی۔ملزمان کو تھانہ ایف آئی اے ملتان منتقل کیا گیا جنہیں ضروری کارروائی کے بعد ایف آئی اے گجرات کے حوالے کیا جائیگا۔ ایف آئی کے مطابق ملزمان عرصہ دراز سے حوالہ ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار کر رہے تھے، جن سے تفتیش جاری ہے۔